تہران: ایران کے پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل اسماعیل احمد مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر مغوی ایرانی محافظ اس کی سرزمین پر ہوئے تو وہ ان کی رہائی کیلیے ہر ممکن تعاون کرے گا اور دہشت گردوں کی سرگرمیاں روک دے گا۔
سرحدی صوبہ سیستان بلوچستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی پولیس چیف نے کہا ایران دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے پر عزم ہے اور فورسز پاک ایران سرحد پر سے مغوی 5 سرحدی محافظوں کی رہائی یقینی بنانے کیلیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے اور ہم مغویوں کی بحفاظت رہائی چاہتے ہیں۔ سرحدی محافظوں کی بازیابی کیلیے اسلامی انقلابی گارڈز کو (آئی آر جی سی)،پولیس فورس، وزارت انٹیلی جنس اور دیگر سفارتی حلقے آپس میں تعاون کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ ایرانی سرحدی محافظوں کے معاملے پر سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے اور اگر محافظوں کو اغوا کر کے اس کی سر زمین پر لایا گیا ہے تو وہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا اور ایران کے ساتھ اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گا۔ دریں اثنا ایران کے صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ وہ ایران پر لگائی گئی تمام پابندیوں کے خاتمے کیلیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ جنوبی صوبے ھرمزگان میں انتظامی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آج ایران نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ تعمیری مذاکرات و تدبیر کے ذریعے ایران کے خلاف غیر قانونی پابندیوں کو ختم کرائے ، آج ایران میں ایسا ماحول پیدا ہوگیا ہے کہ جس کی بنا پر ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوگئے ہیں۔

0 comments:

Post a Comment

 
Top